ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ملیشیاؤں کو مسلح کر کے ایران علاقائی امن تاراج کر رہا ہے

ملیشیاؤں کو مسلح کر کے ایران علاقائی امن تاراج کر رہا ہے

Sun, 25 Sep 2016 20:09:44  SO Admin   S.O. News Service

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کا یو این جنرل اسمبلی سے خطاب
نیویارک25ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید نے اقوام متحدہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے گزشتہ برس عالمی طاقتوں کے ساتھ نیوکلیئر سمجھوتے کے بعد سے علاقائی امن تاراج کرنے کا کوئی موقع ہاتھ جانے نہیں دیا۔یو این جنرل اسمبلی سے ہفتے کی شب اپنے خطاب میں الشیخ عبداللہ بن زاید کا کہنا تھا کہ ایران اب بھی خطے کے ہمسایہ ملکوں میں مسلسل مداخلت کے ذریعے آزادی و خودمختاری کے اصولوں کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ ایران کی ان کوششوں سے علاقے میں گھٹن اور مسلسل عدم استحکام کی فضا پائی جاتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تہران اپنے شعلہ نوا بیانئے، کھلی مداخلت اور ملیشیاؤں کو مسلح کرنے جیسے اقدامات کے ذریعے علاقائی امن تاراج کر رہا ہے۔ نیز میزائل پروگرام کو ترقی جیسے اقدامات اٹھا کر ایران ساری صورتحال پر کو مزید خراب کر رہا ہے۔انہوں نے اپنی تقریر میں یاد دلایا کہ ایران کے حالیہ بیانات سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو گئی ہے کہ وہ متعدد عرب ملکوں کی داخلی سیاست میں مداخلت سے باز نہیں آیا۔ ان میں یمن، لبنان اور شام نمایاں نام ہیں۔ایرانی پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر محسن رضائی کا گزشتہ جمعہ کو دیا جانے والا بیان اس سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے جس میں انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا تھا کہ ان کا ملک شام، بحرین اور یمن میں اپنے حلیفوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی سیاسی اور معنوی امداد جاری رکھے گا۔


Share: